کولمبو،12؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اپنے سے بے حد نیچی درجہ بندی والی زمبابوے کی ٹیم کے خلاف گھریلو میدان میں سیریز ہارنے کے بعد سری لنکا کی ٹیم کی جم کر تنقید ہو رہی ہے۔زمبابوے کے ہاتھوں ملی اس غیر متوقع شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز نے کپتانی سے استعفی دے دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ شروع ہونے کے ٹھیک پہلے میتھیوز کے کپتانی چھوڑنے کو سری لنکا کی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے۔
میتھیوز نے چیف سلیکٹر سنت جے سوریہ پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی۔غور طلب ہے کہ زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ جمعہ سے شروع ہو جائے گا۔سری لنکا کرکٹ بورڈ سے منسلک ایک افسر نے کہاکہ انہوں نے (میتھیوز)تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفی دے دیا ہے،زمبابوے کے خلاف 3-2کے فرق سے سیریز ہارنے کے بعد میتھیوز کے ساتھ ساتھ سری لنکا کی ٹیم کو بھی کافی تنقید جھیلنی پڑی تھی۔سری لنکا کی ٹیم ارجن رانا تنگے کی کپتانی میں 1996میں عالمی کپ چمپئن رہ چکی ہے۔
آل راؤنڈر میتھیوز اب تک 187ون ڈے میچوں میں سری لنکا کی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ ایک سنچری کی مدد سے اس فارمیٹ میں 4720رن بنا چکے ہیں۔اپنی میڈیم رفتار کی گیند بازی سے انہوں نے 111وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔کپتانی کے لحاظ سے بات کریں، تو میتھیوز نے 89میچوں میں سری لنکا کی ٹیم کی قیادت کی ہے اورتقریبا 34.72کے اوسط سے 1771رن بنائے ہیں۔زمبابوے نے سیریز کے آخری ،پانچویں میچ میں میزبان سری لنکا کی ٹیم کو 50اوور میں 203رن کے معمولی اسکور پر روک دیا تھا اور بعد میں 38.1اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرتے ہوئے سیریز پر قبضہ جمایا تھا۔